منگل، 13 اکتوبر، 2026

قواعد اردو -55: فُکاہیہ ادب (مزاح - طنز- ظرافت)

0 comments

فکاہیہ ادب (طنز و مزاح)

        ُفکاہت کےلغوی معنی ”خوش طبعی، ہنسی مذاق، ظرافت“ اور” دل لگی“ کے ہیں۔ اس سے مراد ایسی گفتگو یا عمل ہے جو انسان کے دل کو لبھائے اور طبیعت میں فرحت پیدا کرے۔ ادب کی اصطلاح میں فکاہت سے مراد ایسا نثری یا شعری تخلیقی انداز ہے جس میں طنز و مزاح، خوش طبعی اور ظرافت کا عنصر پایا جائے۔اس کا مقصد قارئین یا سامعین کو محظوظ کرنا، مسکراہٹ بکھیرنا اور ذہنی دباؤ کو کم کرنا ہوتا ہے۔ادب میں فکاہت محض بے مقصد ہنسی مذاق کا نام نہیں ہے، بلکہ اس کے پیچھے اکثر گہرے سماجی حقائق اور انسانی رویوں پر ہلکی پھلکی چوٹ چھپی ہوتی ہے۔

ہنسنا اور ہنسانا قدیم دور سے انسانی جبلت کا  خاصّہ ہے۔   اس ہنسی، مذاق، والے کلام کو فُکاہیہ ادب کہا جاتا ہے۔

طنز، مزاح اور ظرافت کی ادبی حیثیت (صنف یا اسلوب)

تکنیکی اور ہیئتی اعتبار سے فُکاہت(طنز و مزاح)  نثر کی  اصناف نہیں ہیں، بلکہ یہ تحریر کا ایک اسلوب یا  رویہ ہیں۔ کسی بھی صنف کی ایک مخصوص ظاہری ساخت (ڈھانچہ) ہوتی ہے (جیسے ناول، افسانے یا سانیٹ کی ہوتی ہے)، لیکن طنز و مزاح کا اپنا کوئی پیدائشی ڈھانچہ نہیں ہوتا۔ یہ ایک ایسا رنگ ہے جو ادب کی کسی بھی صنف کے سانچے میں باآسانی ڈھل سکتا ہے۔ اردو ادب میں ایسی تحریریں روزِ اول سے موجود چلی آ رہی ہیں۔  1877ء میں جاری ہوئے  منشی سجاد حسین کے ”اودھ پنچ“ نے اردو میں طنزیہ و مزاحیہ صحافت اور جدید طنز و مزاح کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

فکاہت کی صورتیں
فُکاہت(طنز و مزاح) کی درج ذیل 3 صورتیں مروج  ہیں؛


1۔ مزاح (Humor) :یہ ہمدردانہ اور شگفتہ رویہ ہے۔ زندگی کی ناہمواریوں، تضادات اور بے تکے پن کو اس طرح خوش دلی سے بیان کرنا کہ قاری کے ہونٹوں پر مسکراہٹ آ جائے، مزاح کہلاتا ہے۔ خالص مزاح کا بنیادی مقصد دل آزاری کے بجائے خوش طبعی اور شگفتگی پیدا کرنا ہوتا ہے۔ یا
ایسی تحریر جس کا مقصد خوش طبعی، شگفتگی اور ہنسی یا مسکراہٹ پیدا کرنا ہو، مزاح کہلاتی ہے۔
خصوصیات:
1۔ شگفتگی        2۔ سادہ انداز            3۔خوش طبعی           4۔ دلچسپ انداز                       5۔ ہنسی اور تفریح


2۔ طنز (Satire): طنز کا بنیادی مقصد کسی فرد، ادارے، رویے یا معاشرتی خرابی کو تنقیدی اور احتسابی انداز میں نمایاں کرنا ہوتا ہے؛ اس میں اصلاح کا پہلو بھی شامل ہو سکتا ہے۔، اور یہ قاری کو ہنسانے کے ساتھ ساتھ سوچنے پر بھی مجبور کرتا ہے۔               یا
کسی فرد، معاشرے یا ادارے کی خامیوں اور برائیوں کو اصلاحی یا تنقیدی مقصد کے لیے ایسے انداز میں بیان کرنا کہ خامی نمایاں ہو جائے، طنز کہلاتا ہے۔
خصوصیات:
1۔ خامیوں کی نشاندہی                      2۔ تنقیدی انداز                       3۔اصلاح کا پہلو         4۔ بالواسطہ اظہار                                             5۔  معاشرتی مسائل پر توجہ


3۔ ظرافت (Wit):یہ طنز و مزاح کی سب سے لطیف، تیز اور برجستہ شکل ہے۔ کسی صورتحال پر انتہائی ذہانت، حاضر دماغی اور برجستگی کے ساتھ ایسا جملہ کہنا جو اچانک لطف اور حیرت پیدا کر دے، ظرافت کہلاتا ہے۔                           یا
ذہانت، حاضر جوابی، لطیف نکتہ آفرینی اور خوش اسلوبی سے ایسی بات کہنے کی صلاحیت جس سے لطف، مسرت یا ہنسی پیدا ہو، ظرافت کہلاتی ہے۔
خصوصیات: 1۔ حاضر دماغی اور ذہانت  
2۔ برجستگی اور تیزی   3۔ حیرت کا عنصر             4۔ لفظی ہنر مندی     5۔ لطافت اور شگفتگی

 

طنز -مزاح اور ظرافت کا فرق

طنز: خوش طبعی اور شگفتگی ۔
مزاح:
خامی یا تضاد پر تنقیدی کاٹ ۔
ظرافت: برجستہ، پُر مغز اور چست نکتہ آفرینی۔
تینوں انداز ایک ہی تحریریا جملے  میں اکٹھے موجود ہو سکتے ہیں۔ فرق ان کے بنیادی مقصد اور اظہار کے انداز سے سمجھا جاتا ہے۔

 

نثری اور شاعری فکاہیہ ادب (طنز، مزاح اور ظرافت )

فکاہیہ ادب (طنز و مزاح) کسی ایک مخصوص صنفِ سخن کا نام نہیں ہے، بلکہ یہ نثر اور شاعری دونوں میں یکساں طور پر رائج ایک وسیع اسلوب یا طرزِ اظہار ہے۔ ادیب اور شاعر اس اسلوب کو اپنی تخلیقات میں شگفتگی، کاٹ اور اثر آفرینی پیدا کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ نصابی تفہیم کے لیے اسے دو بڑے حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے:           1۔ نثری فُکاہیہ ادب۔               2۔ شعری فُکاہیہ ادب (ظریفانہ شاعری)

1۔  نثری فکاہیہ ادب

اردو نثر میں فکاہیہ ادب کا دامن انتہائی وسیع اور متنوع ہے۔ مصنفین مختلف نثری اصناف کے سانچوں میں ڈھال کر معاشرتی ناہمواریوں پر طنز اور شگفتہ بیانی کا کمال دکھاتے ہیں۔ اس کی نمایاں صورتیں درج ذیل ہیں:

   1۔          مزاحیہ خاکے: کسی شخصیت کی عادات و اطوار کو اس ہمدردانہ اور شگفتہ انداز سے پیش کرنا کہ قاری مسکرانے پر مجبور ہو جائے۔
مثال:
مولوی عبدالحق کا خاکہ ”نام دیو مالی“۔

   2۔          انشائیے اور مضامین: زندگی کے عام اور روزمرہ موضوعات کو ہلکے پھلکے، غیر رسمی اور شگفتہ انداز میں تحریر میں لانا۔
 
مثال: پطرس بخاری کے ”پطرس کے مضامین“۔

   3۔          فکاہیہ کالم: اخبارات میں روزمرہ کے سیاسی اور سماجی حالات پر لکھی جانے والی طنزیہ و مزاحیہ تحریریں جو قاری کو مسکرانے اور سوچنے پر مجبور کر دیں۔
مثال:
چراغ حسن حسرت اور عطا الحق قاسمی کے کالم۔

   4۔          ناول، افسانے اور سفرنامے: ایسی کہانیاں(ناول/افسانے) یا سفرنامے جن کے کردار، بیانیے اور مکالمے مزاح سے بھرپور ہوں۔
مثال:
شوکت تھانوی کا ناول”پہلی بیگم“کرشن چندر کا افسانہ ”مینڈک کی گرفتاری“اور ابنِ انشا کا سفرنامہ” دنیا گول ہے“

   5۔          تحریف نگاری(Parody): کسی مشہور تحریر  کی مزاحیہ انداز میں  نقل کرنا   تحریف(پیروڈی) کہلاتی ہے۔
 جیسے  ابنِ انشا کی مشہورِ زمانہ کتاب
”اردو کی آخری کتاب“یہ کتاب دراصل محمد حسین آزاد کی بچوں کے لیے لکھی گئی درسی کتاب ”اردو کی پہلی کتاب“کی ایک طنزیہ اور شاہکار نثری پیروڈی ہے۔
نمایاں نثری مزاح نگار: پطرس بخاری، مشتاق احمد یوسفی، ابنِ انشا، شفیق الرحمٰن، اور کرنل محمد خان وغیرہ

2۔ شعری فکاہیہ ادب (ظریفانہ شاعری)

                شاعری میں فکاہیہ ادب سے مراد ایسی شاعری ہے جس میں مزاح، طنز، ظرافت، شگفتگی اور لطیف نکتہ آفرینی کے ذریعے قاری یا سامع کے لیے تفریح و مسرت کا سامان پیدا کیا جائے۔ ایسی شاعری میں جہاں ہنسانا مقصود ہوتا ہے، وہاں بعض اوقات معاشرتی برائیوں، انسانی کمزوریوں اور سماجی تضادات کی نشان دہی اور اصلاح بھی پیشِ نظر ہوتی ہے۔ شاعری میں فکاہیہ ادب کو عمومی طور پر ”ظریفانہ، مزاحیہ یا طنزیہ شاعری“کہا جاتا ہے۔
 شعرا حضرات
 غزل، نظم، قطعہ اور رباعی جیسی روایتی شعری ہیئتوں میں فکاہیہ مضامین پیش کرتے ہیں۔ اس کی اہم صورتیں درج ذیل ہیں؛

   1۔          ظریفانہ غزل:ایسی غزل جس میں غزل کی روایتی ہیئت برقرار رکھتے ہوئے روزمرہ زندگی، انسانی کمزوریوں یا معاشرتی رویّوں کو شگفتہ اور ظریفانہ انداز میں بیان کیا جائے۔

   2۔          طنزیہ قطعات: ایسے قطعات جن میں  کسی سیاسی، سماجی یا معاشرتی واقعے پر بھرپور اور کراری چوٹ کی جائے۔

   3۔          تحریف نگاری(Parody): کسی مشہور اور معروف کلام کے الفاظ کو اسی بحر میں اس مہارت سے بدلنا کہ اسے مکمل مزاحیہ رنگ مل جائے۔

   4۔          معاشرتی نظمیں: سماجی برائیوں، مہنگائی، فیشن اور گھریلو زندگی کے تضادات پر لکھی جانے والی مزاحیہ نظمیں جو بظاہر ہنساتی ہیں مگر باطن میں سنجیدہ پیغام رکھتی ہیں۔

نمایاں فکاہیہ شعرا: اکبر الٰہ آبادی (جنہیں اردو طنز و مزاح کا امام تسلیم کیا جاتا ہے)، ابنِ انشاء، سید محمد جعفری، سید ضمیر جعفری، دلاور فگار، مجید لاہوری، نذیر احمد شیخ، عنایت علی خان، انور مسعود اور خالد مسعود خان وغیرہ

نوٹ:   اگرچہ طنز و مزاح بنیادی طور پر اسلوب اور طرزِ اظہار ہیں، لیکن اردو ادب میں اس اسلوب کے تحت اتنا شاندار، وسیع اور کثیر ذخیرہ تخلیق ہو چکا ہے  کہ فکاہیہ ادب کا مطالعہ ایک مستقل ادبی موضوع/مطالعے کے شعبے کے طور پر کیا جاتا ہے۔

پیر، 12 اکتوبر، 2026

قواعد اردو-54: نثر کی غیر افسانوی اصناف

0 comments

اصنافِ نثر (غیر افسانوی)
اردو نثر  کی غیر  افسانوی اصناف  کی تفصیل درج ذیل ہے؛

1۔ مضمون

کسی خاص موضوع پر خیالات، معلومات، مشاہدات اور تجربات کو منظم انداز میں بیان کرنے والی نثری تحریر کو مضمون کہتے ہیں۔
خصوصیات: ایک مخصوص موضوع ہوتا ہے۔  خیالات منظم ہوتے ہیں۔  زبان موضوع کے مطابق ہوتی ہے۔   علمی، ادبی، اخلاقی، سائنسی اور معاشرتی موضوعات ہو سکتے ہیں۔
مشہور مضمون نگار: 
سر سید احمد خان ۔             مولانا محمد حسین آزاد۔   علامہ شبلی نعمانی۔          مولانا ابوالکلام آزاد

2۔ انشائیہ

انشائیہ نثر کی ایک ایسی صنف ہے جس میں مصنف کسی معمولی یا غیر معمولی موضوع کو اپنے ذاتی، شگفتہ، آزاد اور دلکش انداز میں پیش کرتا ہے۔
خصوصیات:   شخصی انداز نمایاں ہوتا ہے۔   شگفتگی ہوتی ہے۔ مزاح اور ظرافت شامل ہو سکتی ہے۔      تخیل اور برجستگی ہوتی ہے۔مصنف کی شخصیت جھلکتی ہے۔
مشہور انشائیہ نگار:  پطرس بخاری۔ رشید احمد صدیقی۔      ابنِ انشا۔                  مشتاق احمد یوسفی۔

مضمون اور انشائیہ میں فرق

انشائیہ

مضمون

شخصی انداز پر زور

معلومات اور خیالات پر زور

شگفتہ اور دلکش انداز

نسبتاً سنجیدہ ہو سکتا ہے

مصنف آزادانہ انداز اختیار کرتا ہے

موضوع کو منظم انداز میں بیان کرتا ہے

تخلیقی اور مزاحیہ انداز غالب ہو سکتا ہے

علمی انداز غالب ہو سکتا ہے

 

3۔ خاکہ

کسی شخصیت کے ظاہری حلیے، عادات، اطوار، مزاج، کردار اور شخصیت کے نمایاں پہلوؤں کو ادبی انداز میں بیان کرنا خاکہ کہلاتا ہے۔ خاکہ  شخصیت کی لفظی تصویر ہوتا ہے۔
خصوصیات:
 کسی شخصیت کو موضوع بنایا جاتا ہے۔  شخصیت کے نمایاں اوصاف بیان ہوتے ہیں۔  تحریر میں ادبی رنگ ہوتا ہے۔    مصنف کا مشاہدہ نمایاں ہوتا ہے۔   ظاہری اور باطنی خصوصیات بیان کی جا سکتی ہیں۔
مشہور خاکہ نگار:
رشید احمد صدیقی ۔               مولوی عبدالحق۔       مرزا فرحت بیگ۔                     شاہد احمد دہلوی۔        آلِ احمد سرور

4۔ سوانح عمری

 کسی شخصیت کی زندگی کے حالات، واقعات، تعلیم، خدمات، کارناموں اور شخصیت کا تفصیلی بیان سوانح عمری کہلاتا ہے۔
خصوصیات: کسی دوسرے شخص کی زندگی بیان کی جاتی ہے۔  پیدائش سے وفات تک کے حالات شامل ہو سکتے ہیں۔  تاریخی اور مستند معلومات اہم ہوتی ہیں۔ شخصیت کے کارنامے بیان کیے جاتے ہیں۔
مثال: حیاتِ جاوید (مصنف: الطاف حسین حاؔلی): یہ سر سید احمد خان کی سوانح عمری ہے۔
یادگارِ غالب (مصنف: الطاف حسین حالی): مرزا اسد اللہ خان غالب کی زندگی اور شاعری پر لکھی گئی ایک لازوال  کتاب

5۔ آپ بیتی (خودنوشت)

جب کوئی شخص اپنی زندگی کے حالات، تجربات، کامیابیوں، مشکلات اور یادوں کو خود قلم بند کرے تو اسے خودنوشت (آپ بیتی) کہتے ہیں۔
خصوصیات: مصنف اپنی زندگی کی کہانی بیان کرتا ہے ۔ پیدائش سے وفات تک کے حالات شامل ہو سکتے ہیں۔ تاریخی اور مستند معلومات اہم ہوتی ہیں۔ اندازِ بیان سنجیدہ اور مزاحیہ ہو سکتا ہے۔ بعض معلومات متنازعہ ہو سکتی ہیں۔
 مثال:       ”یادوں کی بارات
“ مشہور خود نوشت ۔ یہ انقلابی شاعر جوش ملیح آبادی کی تصنیف ہے۔      
           
”جہانِ دانش“ا ز احسان دانش  — ایک مزدور سے عظیم شاعر بننے تک کی شاندار خود نوشت۔
نوٹ: اردو ادب میں یہ دونوں اصطلاحات انگریزی لفظ
Autobiography کے متبادل اور ایک ہی صنفِ نثر کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔
6۔ یاد داشت

 یہ مصنف کی یادداشت پر مبنی وہ تحریریں ہوتی ہیں جن میں وہ اپنی پوری زندگی کا احاطہ کرنے کے بجائے، اپنی زندگی کے کسی خاص دور، اہم تاریخی واقعات، یا ان اہم اور نامور شخصیات کا خاکہ پیش کرتا ہے جن سے اس کا واسطہ پڑا ہو۔
خصوصیات: عہد اور شخصیات پر توجہ
یادداشتوں میں مصنف عموماً  ان اہم سماجی، ادبی و سیاسی واقعات اور نامور شخصیات پر زیادہ زور ہوتا ہے جن کا وہ براہِ راست چشم دید گواہ رہا ہو۔ یہ ایک طرح سے کسی فرد کی آنکھ سے دیکھی گئی اس کے عہد کی تاریخ ہوتی ہے۔ ماضی کا احیا: یہ روزنامچے کی طرح روزانہ کی بنیاد پر (حال میں) نہیں لکھی جاتیں، بلکہ ایک طویل عرصہ گزرنے کے بعد محض حافظے کے بل بوتے پر ماضی کے تجربات کو دوبارہ مرتب کیا جاتا ہے۔
مثال:     روزگارِ فقیر — فقیر سید وحید الدین۔ یہ علامہ اقبال سے مصنف کی ذاتی ملاقاتوں اور یادداشتوں پر مبنی کتاب ہے۔
 
               ”جوان سے جنرل تک“- جنرل محمد موسیٰ خان ۔ پاک بھارت جنگ 1965 کی یادداشتیں۔

7۔ روزنامچہ

روزمرہ کے ذاتی مشاہدات اور واقعات کو تاریخ وار قلم بند کرنے کی ادبی صنف روزنامچہ کہلاتی ہے۔
خصوصیات: ذاتی مشاہدات کا اندراج:
روزنامچہ (ڈائری) روزمرہ کے ذاتی مشاہدات، تاثرات، اور واقعات کا تاریخ واراور بلاناغہ اندراج ہوتا ہے۔
بے ساختگی اور رازداری:
چونکہ یہ عموماً مصنف اپنی ذات کے لیے لکھتا ہے، اس لیے اس میں کوئی بناوٹ نہیں ہوتی بلکہ جذبات کا انتہائی سچا، بے ساختہ اور بے تکلف اظہار ہوتا ہے۔
تاریخی و معاشرتی اہمیت:
اگرچہ یہ ایک ذاتی صنف ہے، لیکن جب کسی اہم شخصیت کا روزنامچہ شائع ہوتا ہے تو وہ اس دور کی معاشرتی تاریخ، رسم و رواج اور سیاسی حالات کو سمجھنے کا ایک انتہائی مستند اور بنیادی ماخذ بن جاتا ہے۔

8۔   سفرنامہ

کسی سفر کے دوران پیش آنے والے واقعات، مقامات، لوگوں، ثقافت، معاشرت اور مصنف کے مشاہدات کو ادبی انداز میں بیان کرنا سفرنامہ کہلاتا ہے۔
خصوصیات:
  سفر بنیادی موضوع ہوتا ہے۔  مختلف مقامات کا تعارف ہوتا ہے۔   مشاہدات اور تجربات شامل ہوتے ہیں۔    تاریخی، جغرافیائی اور ثقافتی معلومات مل سکتی ہیں۔    مصنف کی شخصیت اور نقطۂ نظر بھی نمایاں ہوتا ہے۔
مشہور سفرنامہ نگار:
    ابنِ انشا۔      مستنصر حسین تارڑ۔  قدرت اللہ شہاب۔  ممتاز مفتی۔  بیگم اختر ریاض الدین
مثال:
1۔ ”سفرنامہ روم و مصر و شام“مصنف مولانا شبلی نعمانی           2۔ ”دنیا گول ہے“ابنِ انشا
3۔ ”نکلے تیری تلاش میں“مصنف مستنصر حسین تارڑ                   4۔ ”لبیک“مصنف ممتاز مفتی
5۔” سات سمندر پار“مصنفہ بیگم اختر ریاض الدین

9۔ رپورتاژ

نثر کی یہ ایک بہت اہم صنف ہے جو صحافت اور ادب کا حسین امتزاج ہے۔ اس میں کسی ادبی تقریب، سفر یا واقعے کا آنکھوں دیکھا حال، مصنف کی اپنی ذہنی و جذباتی کیفیت اور ادبی چاشنی کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔
خصوصیات:حقیقت نگاری
:رپورتاژ حقیقی واقعات، حالات اور مشاہدات پر مبنی ہوتا ہے۔ اس میں فرضی واقعات کے بجائے حقیقت کو پیش کیا جاتا ہے۔
مشاہدے کی براہِ راست عکاسی
:رپورتاژ نگار اپنے ذاتی مشاہدے اور تجربے کی بنیاد پر واقعے، مقام اور ماحول کی تصویر کشی کرتا ہے۔ ادبی و مؤثر اندازِ بیان:رپورتاژ محض خشک رپورٹ نہیں ہوتا بلکہ اس میں ادبی زبان، منظر نگاری، جذبات اور دل کش اسلوب کے ذریعے واقعے کو مؤثر بنایا جاتا ہے۔ زندہ اور متحرک پیش کش:واقعات کو اس انداز سے بیان کیا جاتا ہے کہ قاری خود کو واقعے کا حصہ محسوس کرے اور منظر اس کی آنکھوں کے سامنے متحرک ہو جائے۔
مشہور لکھاری:  کرشن چند۔          سجاد ظہیر۔ ابراہیم جلیس۔          فِکر تونسوی ممتاز مفتی۔
مثال: کرشن چندر کا  ”پودے“سجاد ظہیر کی ”یادیں“ابراہیم جلیس کا”شہر“فکر تونسوی کا ”چھٹا دریا“ممتاز مفتی کا ”لبیک“

10۔ مکتوب نگاری

خطوط لکھنے کے فن کو مکتوب نگاری کہتے ہیں۔

خصوصیات:   خط و کتابت پر مبنی ہوتی ہے۔  زبان عموماً سادہ اور بے تکلف ہوتی ہے۔                 ذاتی خیالات اور حالات بیان ہوتے ہیں۔  تاریخی اور ادبی اہمیت بھی حاصل ہو سکتی ہے۔

 مثال: ”عودِ ہندی اور اردوئے معلیٰ “اسد اللہ غالب کے خطوط۔ ”غبارِ خاطر“ مولانا عبدالکلام آزاد کے خطوط 
”مکاتیبِ اقبال“ علامہ محمد اقبال کے خطوط۔   ”زیرِ لب“  صفیہ اختر کے خطوط
   

11۔ تنقید

کسی ادبی تخلیق، شاعر، ادیب یا ادبی رجحان کے فنی، فکری، اسلوبی اور جمالیاتی پہلوؤں کا تجزیہ تنقید کہلاتا ہے۔
خصوصیات:
  ادبی تخلیق کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔  محاسن اور فنی کمزوریوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔  دلیل اور اصولِ نقد اہم ہوتے ہیں۔   فکری اور فنی پہلوؤں کو پرکھا جاتا ہے۔
مشہور نقاد:
الطاف حسین حاؔلی۔     علامہ شبلی نعمانی۔                      کلیم الدین احمد۔         آلِ احمد سرور

12۔تحقیق

کسی موضوع یا مسئلے کے بارے میں مستند ذرائع، شواہد اور حوالوں کی مدد سے حقیقت معلوم کرنے اور اسے علمی انداز میں پیش کرنے کے عمل کو تحقیق کہتے ہیں۔
خصوصیات:             
معلومات کا حصول  مستند ذرائع کے استعمال سے کیا جاتا ہے۔ حوالہ جات دیے جاتے ہیں۔             نتائج کی علمی ترتیب کا خیال رکھا جاتا ہے۔  غیر جانب دارانہ مطالعہ پیش کیا جاتا ہے۔ شواہدکی مدد لی جاتی ہے۔ 
مشہور محققین
:           حافظ محمود شیرانی       قاضی عبدالودود         مولوی عبدالحق (بابائے اردو)                     امتیاز علی خان عرشی                                     رشید حسن خان          ڈاکٹر جمیل جالبی         ڈاکٹر گیان چند جین                    سید محی الدین قادری زور

13۔ کالم

اخبار، رسالے یا آن لائن اشاعتی ذریعہ میں باقاعدگی سے شائع ہونے والی ایسی تحریر جس میں کسی موجودہ موضوع، واقعے یا مسئلے پر مصنف اپنے خیالات، مشاہدات یا تجزیے پیش کرے، کالم کہلاتا ہے۔
خصوصیات:
 عموماً موجودہ حالات سے تعلق ہوتا ہے۔         مختصر اور مؤثر انداز میں تحریر کیے جاتے ہیں۔    مصنف کا نقطۂ نظرپیش کیا جاتا ہے۔                   سیاسی، سماجی، ادبی یا معاشی موضوعات پر لکھے جاتے ہیں۔
مشہور کالم نگار:
عبدالقادر حسن-غیر سیاسی باتیں            2۔ حامد میر-چشمِ کُشا  3۔ حسن نثار-چوراہا    4۔ جاوید چودھری-زیرو پوائنٹ     5۔ اظہار الحق- تلخ نوائی
6۔ خورشید ندیم-تکبیر

14۔  تبصرہ

کسی کتاب، فلم، ڈرامے، ادبی تخلیق یا دوسرے فن پارے کے موضوع، معیار، فنی خصوصیات اور خامیوں و خوبیوں کا جائزہ تبصرہ کہلاتا ہے۔
خصوصیات: بنیادی مقصد:
کسی بھی نئی شائع ہونے والی کتاب یا ادبی تخلیق کا غیر جانبدارانہ اور متوازن جائزہ لینا۔خوبیوں اور خامیوں کی نشاندہی: تبصرہ نگار محض کتاب کی تعریف نہیں کرتا، بلکہ اس کی خوبیوں اور خامیوں دونوں کو دلائل کے ساتھ قاری کے سامنے رکھتا ہے۔خلاصے سے گریز: ایک اچھے تبصرے کی خوبی یہ ہے کہ اس میں پوری کہانی یا کتاب کا مکمل خلاصہ بیان نہیں کیا جاتا، بلکہ صرف اتنا خاکہ پیش کیا جاتا ہے کہ قاری فیصلہ کر سکے کہ اسے یہ کتاب پڑھنی چاہیے یا نہیں۔معروضی انداز: تبصرے میں ذاتی پسند ناپسند کے بجائے معروضی اور تنقیدی زاویہ نگاہ اپنایا جاتا ہے۔

مثال:       1۔ مقدمہ شعر و شاعری از الطاف حسین حاؔلی۔                             2۔ شعر شور انگیز از شمس الرحمان فاروقی۔    
3۔ چند ہم عصر از مولوی عبدالحق                                4۔ تحقیق و تنقید از  ڈاکٹر فرمان فتحپوری۔       
5۔ تاریخِ ادبِ اردو از ڈاکٹر جمیل جالبی                                       6۔ خامہ بگوش کے قلم سے از مشفق خواجہ    

15۔تذکرہ نگاری

کلاسیکی اردو نثر کی یہ وہ بنیادی صنف ہے جس میں شعرا کے حالاتِ زندگی اور ان کے کلام کا انتخاب پیش کیا جاتا تھا۔ اردو ادب کی تاریخ اسی صنف سے شروع ہوتی ہے۔
خصوصیات: شعرا کا تعارف و کلام:
یہ کلاسیکی نثر کی وہ صنف ہے جس میں شعرا کے مختصر سوانحی حالات، اساتذہ کا ذکر اور ان کے بہترین اشعار کا انتخاب پیش کیا جاتا ہے۔ترتیب: اس میں شعرا کو تاریخی ادوار کے بجائے عموماً ان کے "تخلص" کے لحاظ سے حروفِ تہجی کے اعتبار سے ترتیب دیا جاتا ہے۔ ابتدائی تنقید: یہ اردو ادب کی تاریخ اور ابتدائی تاثراتی تنقید کا سب سے بڑا اور بنیادی ذریعہ ہیں۔
اردو کے چند مشہور تذکرے:
نکات الشعراء (میر تقی میر):
یہ اردو شعرا کا سب سے پہلا تذکرہ مانا جاتا ہے، جو زبان کے لحاظ سے فارسی میں لکھا گیا۔
گلشنِ بے خار (نواب مصطفیٰ خان شیفتہ):
یہ اردو کا ایک انتہائی مستند اور متوازن تنقیدی تذکرہ ہے۔
آبِ حیات (محمد حسین آزاد):
یہ اردو کی وہ مایہ ناز کتاب ہے جو کلاسیکی تذکرہ نگاری اور جدید ادبی تاریخ نویسی کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتی ہے۔ (آزاد نے حروفِ تہجی کے بجائے شعرا کو ادوار میں تقسیم کیا تھا)۔

16۔ مقالہ

تحقیق کے ذیل میں مقالے کا تذکرہ ضروری ہے، جو کسی ایک خاص موضوع پر سائنسی اور منطقی دلائل کے ساتھ لکھی گئی مفصل علمی تحریر ہوتی ہے۔
خصوصیات:تحقیق اور استدلال:
مقالہ کسی ایک مخصوص علمی، ادبی، تاریخی یا سائنسی موضوع پر گہری تحقیق اور دلائل پر مبنی مفصل تحریر ہوتا ہے۔
حوالہ جات کی پابندی:
اس میں مقالہ نگار جو بھی دعویٰ کرتا ہے، اس کے ثبوت میں مستند کتابوں یا ماہرین کے باقاعدہ حوالے پیش کرنا لازمی ہوتا ہے۔
منطقی ترتیب:
مقالے کا آغاز موضوع کے تعارف سے ہوتا ہے، درمیان میں دلائل اور تجزیہ ہوتا ہے، اور آخر میں ایک ٹھوس نتیجہ پیش کیا جاتا ہے۔
سنجیدہ اسلوب:
اس کی زبان انتہائی سنجیدہ، علمی اور جذباتی مبالغہ آرائی سے پاک ہوتی ہے۔

17۔  مکالمہ

دو یا دو سے زیادہ افراد (کرداروں) کے درمیان ہونے والی ایسی باقاعدہ اور بامقصد گفتگو جو کہانی یا مرکزی خیال کو آگے بڑھائے، مکالمہ کہلاتی ہے۔
خصوصیات:
کردار نگاری کا ذریعہ:
مکالمہ ڈرامے، ناول اور افسانے کی جان ہوتا ہے۔ ایک اچھے مکالمے کے ذریعے ہی کرداروں کی نفسیات، ان کی سوچ اور ان کا پس منظر قاری کے سامنے بے نقاب ہوتا ہے۔فطری زبان کا استعمال:مکالمے کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس کی زبان بالکل کردار کے سماجی رتبے، تعلیم اور ذہنی سطح کے مطابق ہونی چاہیے۔ جیسے؛ ایک مزدور اور ایک بادشاہ کا مکالمہ ان کی اپنی مخصوص زبان میں ہوگا۔

18۔ لغت نویسی

 لغت نویسی (Lexicography) کسی زبان کے الفاظ کو ایک مخصوص اور منظم ترتیب (عموماً حروفِ تہجی) کے ساتھ جمع کرنے اور ان کے معانی، تلفظ، ماخذ اور قواعدی حیثیت (صرف و نحو) کو مستند حوالوں کے ساتھ بیان کرنے کے فن کو کہتے ہیں۔ یہ کسی بھی زبان کے تحفظ، ترویج اور ارتقا کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

لغت نویسی کی نمایاں خصوصیات
حروفِ تہجی کی ترتیب: لغت میں الفاظ کو تلاش کرنے کی سہولت کے لیے الف بائی (Alphabetical) ترتیب میں لکھا جاتا ہے۔
تلفظ اور اعراب کی وضاحت
: ایک معیاری لغت میں لفظ کو درست پڑھنے کے لیے اس پر اعراب (زبر، زیر، پیش) لگائے جاتے ہیں یا الفاظ میں اس کا تلفظ واضح کیا جاتا ہے۔
اشتقاق اور ماخذ
(Etymology):لفظ کی پیدائش اور اصل بتائی جاتی ہے کہ یہ لفظ کس زبان (عربی، فارسی، ترکی، سنسکرت، ہندی وغیرہ) سے اردو میں آیا ہے۔
قواعدی حیثیت
: ہر لفظ کے ساتھ یہ واضح کیا جاتا ہے کہ گرامر کی رو سے یہ اسم، فعل، صفت، ضمیر، یا حرف ہے۔
معانی کی وسعت اور محاورات
: ایک لفظ کے ایک سے زائد معانی، اس کے استعاراتی و مجازی پہلو، اور اس سے بننے والے روزمرہ و محاورات کو مستند شعری یا نثری مثالوں (سند) کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔
یعنی  اچھی یا معیاری لغت میں حسبِ ضرورت لفظ کا تلفظ، املا، قواعدی حیثیت، اشتقاق، ماخذ اور استعمال بھی بیان کیا جاتا ہے۔

لغت نویسی کی اہمیت
لغت نویسی زبان کے علمی و ادبی سرمائے کو محفوظ کرنے کا ایک بنیادی ذریعہ ہے۔ اس کی اہمیت درج ذیل ہے:
زبان کے الفاظ اور ذخیرۂ الفاظ کو محفوظ کرتی ہے۔ الفاظ کے درست معنی اور استعمال سے آگاہ کرتی ہے۔
املا اور تلفظ کی درستگی میں مدد دیتی ہے۔ نئے اور مستعمل الفاظ کو زبان کے ذخیرے میں شامل کرتی ہے۔
قدیم اور متروک الفاظ کو محفوظ کرتی ہے۔ الفاظ کے تاریخی سفر اور معنوی تبدیلیوں کا سراغ فراہم کرتی ہے۔
طلبہ، اساتذہ، ادیبوں، مترجمین اور محققین کے لیے بنیادی ماخذ کا کام کرتی ہے۔
زبان کے علمی، ادبی اور ثقافتی ورثے کی حفاظت کرتی ہے۔

اہم اردو لغات

۱۔ فرہنگِ آصفیہ — سید احمد دہلوی: فرہنگِ آصفیہ اردو کی معروف اور اولین باقاعدہ جامع لغات میں شمار ہوتی ہے۔
2
۔ نور اللغات — نور الحسن نیر: نور اللغات اردو کی اہم اور وسیع لغات میں شمار ہوتی ہے۔ اس میں اردو کے الفاظ اور محاورات کے معانی کی وضاحت کی گئی ہے۔

۳
۔ نسیم اللغات — نسیم امروہوی: نسیم اللغات اردو کی معروف لغات میں شامل ہے ۔
۴
۔ فیروز اللغات — مولوی فیروز الدین:فیروز اللغات اردو کی معروف لغات میں سے ہے ۔
 ۵
۔ فرہنگِ تلفظ — شان الحق حقی: فرہنگِ تلفظ اردو الفاظ کے درست تلفظ سے متعلق اہم لغت ہے۔
۶
۔ اردو لغت (تاریخی اصول پر):یہ اردو لغت نویسی کا ایک عظیم اور وسیع منصوبہ ہے، جسے اردو لغت بورڈ، کراچی نے مرتب کیا۔ یہ تاریخی اصول پر مبنی ایک بڑی جامع لغت ہے، جس میں الفاظ کے معانی، تلفظ، ماخذ، تاریخی استعمال اور مستند شواہد کو اہمیت دی گئی ہے۔

 


بلاگ

موضوعات

اردو (51) urdu (39) قواعد (38) urdu grammar (33) صرف و نحو (19) صرف (18) گرامر (18) grammar (16) نحو (10) اصطلاحاتِ زبان (9) ترکیب نحوی (9) اسم (8) زبان (7) علم بیان (6) فاعل (6) مرکب (6) مفعول (6) جملہ (4) حرف (4) شاعری (4) علمِ بلاغت (4) فعل (4) نظم (4) کلام (4) استفہام (3) اسم ضمیر (3) الفاظ (3) بلاغت و فصاحت (3) بلیغ (3) تخلص (3) علم (3) علم بدیع (3) علم عروض (3) علم معانی (3) فصاحت (3) فصیح (3) لازم (3) آواز (2) اسم ذات (2) اسم ذات، اجزائے کلام (2) اسم صفت (2) اسمیہ (2) اشارہ (2) انشائیہ (2) بحر (2) بحر مزاحف (2) بدیع (2) بلاغت (2) بلیغ و فصیح (2) بیان (2) تانیث (2) تذکیر (2) تلفظ (2) تمیز (2) جمع (2) حذف (2) حرف صحیح (2) حرف علت (2) حرکت (2) ذاتی (2) ردیف (2) روزمرہ (2) زحاف (2) سابقہ (2) سابقے (2) ساکن (2) شعر (2) صفت (2) صوت (2) عددی (2) عطف (2) علامات (2) علامت (2) علامت مفعول (2) علم قافیہ (2) علم قوافی (2) غیر معین (2) فعل ناقص (2) فعلیہ (2) قافیہ (2) قبض (2) لاحقہ (2) لاحقے (2) مؤنث (2) متحرک (2) مترادف (2) متضاد (2) متعدی (2) مجہول (2) محذوف (2) مذکر (2) مرجع (2) مصرع (2) معروف (2) معنی (2) معین (2) مفعولی (2) موصول (2) نثر (2) نکرہ (2) کلمہ (2) کیفیت (2) ہم معنی (2) Consonant (1) Vowel (1) u (1) ، صرف (1) آراء (1) آزاد نظم، نثری نظم (1) آشوب شہر (1) آغا شورش کاشمیری (1) آلہ (1) آپ بیتی (1) اجزاء (1) ادغام (1) استخباری (1) استعارہ (1) استعارہ بالتصریح (1) استغراقی (1) استفہامیہ (1) اسم جامد (1) اسم عدد (1) اسم مشتق (1) اسم مصدر (1) اسم مفعول (1) اشباع (1) اصطلاحات (1) اصطلاحی (1) اصناف (1) اصناف نظم (1) اضافی (1) اعداد (1) اعراب (1) افسانوی نثر (1) افسانہ (1) اقتباس (1) اقراری (1) الخ (1) امالہ (1) امدادی (1) امر (1) انکاری (1) ایجاب (1) ایہام (1) بالکنایہ (1) بحر سالم (1) بحر ہزج (1) بدائع (1) بدایع (1) بند (1) بیش (1) تاسف (1) تام (1) تبصرہ (1) تثنیہ (1) تحقیق (1) تخصیص (1) تذکرہ (1) ترائیلے (1) ترتیبی (1) ترجیع بند (1) ترک (1) ترکیب بند (1) ترکیب تفصیلی (1) تشبیہ (1) تشبیہ،کنایہ (1) تشدید (1) تصغیر (1) تعجب (1) تعداد (1) تفضیل بعض (1) تفضیل نفسی (1) تفضیل کل (1) تقطیع (1) تلمیح (1) تمنائی (1) تنسیق (1) تنقید (1) تنوین (1) تنکیری (1) توصیفی (1) تکبیر (1) ثلاثی (1) جار (1) جدید (1) جزم (1) جمع الجمع (1) جمع سالم (1) جمع مکسر (1) جنس (1) حاشیہ (1) حاصل مصدر (1) حال (1) حالیہ (1) حالیہ معطعفہ (1) حرف تاسیس (1) حرف دخیل (1) حرف ردف (1) حرف روی (1) حرف قید (1) حرف مزید (1) حرف نائرہ (1) حرف وصل، حرف خروج (1) حروف (1) حروف تہجی (1) حسن تعلیل (1) حسن مطلع (1) حصر (1) حمد (1) خاکہ (1) خبر (1) خبریہ (1) خط (1) خطاب (1) خفیف (1) داستان (1) دال (1) دال اور مدلول (1) درجات صفت (1) دلالت (1) دلالت التزامی (1) دلالت تضمنی (1) دلالت حقیقی (1) دلالت ضمنی (1) دوہا (1) ذومعنی (1) رائے (1) رباعی (1) ربط (1) رجز (1) رمل (1) رموز اوقاف (1) رنگین نثر (1) روزنامچہ (1) رپورتاژ (1) ریختی (1) زبر (1) زمین (1) زیر (1) سالم (1) سانیٹ (1) سبب (1) سخن (1) سریع (1) سفر نامہ (1) سلام (1) سوانح عمری (1) سکتہ (1) سکون (1) شاعری، بیت، شعر (1) شاہ بیت (1) شخصی (1) شرط (1) شعری (1) شمسی (1) شکیہ (1) صفت عددی (1) صفت مقداری (1) صفتی (1) صفحہ (1) صنائع (1) صنائع لفظی (1) صنائع معنوی (1) صنعت (1) صنعت تضاد (1) صوتی (1) صوتی نظام (1) صَوتیے (1) ضرب الامثال (1) ضرب المثل (1) ضعفی (1) ضمیر (1) ضمیری (1) طنز (1) طنزومزاح (1) ظرافت (1) ظرف (1) ظرف زمان (1) ظرف مکان (1) عرف (1) عروض (1) عطف بیان (1) عطفیہ (1) علامت فاعل (1) علم بلاغت کی شاخیں (1) عَلم (1) غزل (1) غیر افسانوی نثر (1) فاصلہ (1) فاعل سماعی (1) فاعل قیاسی (1) فاعلی (1) فجائیہ (1) فکاہت (1) فکاہیہ (1) فکاہیہ ادب (1) قدح (1) قسم (1) قصر (1) قصہ (1) قصیدہ (1) قطعہ (1) قمری (1) قو (1) لغوی (1) لف و نشر (1) لفظ (1) لقب (1) ماضی (1) ماہیا (1) مبالغہ (1) مبتدا (1) متدارک (1) متروک (1) متروک الفاظ (1) متشابہ، متشابہ الفاظ، صرف (1) متقارب (1) مثبت (1) مثمن (1) مثنوی (1) مجاز (1) مجاز مرسل (1) مجازی (1) مجتث (1) مجروری (1) محاورہ (1) مخمس (1) مد (1) مدلول (1) مذکر سالم (1) مراعاۃ النظیر (1) مرثیہ (1) مرصع (1) مرکب اضافی (1) مرکب توصیفی (1) مرکب جاری (1) مرکب عطفی (1) مرکب ناقص (1) مزاح (1) مزاحف (1) مستزاد، ہائیکو (1) مستقبل (1) مسجع (1) مسدس (1) مسمط (1) مشار (1) مصدر (1) مصغر (1) مصمتہ (1) مصوتہ (1) مضارع (1) مضاف (1) مضاف الیہ (1) مضمون (1) مطابقت (1) مطلع (1) مطلق (1) معانی (1) معاوضہ (1) معاون (1) معتدی المتعدی (1) معدولہ (1) معرفہ (1) معطوف (1) معطوف الیہ (1) معطوفہ (1) مفاجات (1) مفرد (1) مقبوض (1) مقداری (1) مقصور (1) مقصورہ (1) مقطع (1) ممدوہ (1) مناجات (1) منفی (1) منقبت (1) موصوف (1) موقوف (1) مونث (1) مکبر (1) مکتوب نگاری (1) مکسر (1) مہمل (1) ناقص (1) ناول (1) ناولٹ (1) نثر عاری (1) نثر مرجز (1) نثر مرسل (1) ندا (1) ندبہ (1) نسبتی (1) نظم جدید، پابند نظم (1) نظم معرا (1) نعت (1) نقطہ (1) نہی (1) واحد (1) واسوخت (1) وتد (1) وقف کامل (1) وقفہ (1) پسند (1) پیش (1) ڈراما (1) کافی (1) کالم (1) کسری (1) کلام ناقص (1) کمی (1) کنیت (1) کو (1) کہاوت (1) گنتی (1) گیت (1) ہجا (1) ہجو (1) ہزل (1) یادداشت (1)
محمد عامر. تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *